Get Alerts

پی ایس ایل 12 کے لیے دو ممکنہ تاریخیں زیرِ غور، سپر سکسز کی تجویز بھی سامنے آگئی

پی ایس ایل 12 کے لیے دو ممکنہ تاریخیں زیرِ غور، سپر سکسز کی تجویز بھی سامنے آگئی

لاہور : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے انعقاد کے لیے دو مختلف ونڈوز پر غور کیا جا رہا ہے۔ پی سی بی اور فرنچائز مالکان کے درمیان ہونے والی ورچوئل میٹنگ میں فروری، مارچ 2027 اور اپریل، مئی 2027 کی تاریخوں کے فوائد اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فروری، مارچ کی ونڈو میں آئی پی ایل سے ٹکراؤ نہ ہونے کی وجہ سے غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی بہتر ہونے کی توقع ہے، جبکہ موسم بھی سازگار ہوگا، تاہم اس دوران دیگر لیگز اور رمضان المبارک کا معاملہ درپیش ہوگا۔ دوسری جانب اپریل، مئی میں آئی پی ایل سے ممکنہ تصادم کے باوجود کچھ کھلاڑیوں کی مکمل دستیابی ممکن ہو سکتی ہے، لیکن گرم موسم اور امتحانات ایک چیلنج ہوں گے۔

فرنچائز مالکان نے ریٹینشن اور آکشن جلد کروانے، جبکہ سیلری کیپ پر بھی نظرثانی کی تجاویز دیں۔ اجلاس میں رواں سال ہی پی ایس ایل سپر سکسز کرانے کی تجویز بھی پیش کی گئی، تاہم اس کا فیصلہ مالی معاملات واضح ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

میٹنگ میں بعض واجبات کی عدم ادائیگی کے معاملات بھی زیرِ بحث آئے، جس پر حکام نے واضح کیا کہ لیگ کے معاملات میں کسی ایک فریق کی وجہ سے مشکلات برداشت نہیں کی جائیں گی۔

اس موقع پر حیدرآباد کنگز مین کے مالک فواد سرور نے قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے بغیر پی ایس ایل کی ترقی بھی متاثر ہوگی۔ انہوں نے ٹیم مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نئے کھلاڑیوں کو مواقع دینے پر زور دیا۔

ٹیگز: