اسلام آ باد:وفاقی حکومت نے 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کرتے ہوئے اسے تین مراحل میں مکمل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے جمعرات کو قومی اسمبلی میں اس منصوبے کی تفصیلات پیش کیں۔
وزیر نجکاری کے مطابق پہلے مرحلے میں آئندہ ایک سال کے اندر 10 اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔ ان اداروں میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA)، روز ویلٹ ہوٹل، زرعی ترقیاتی بینک، آئسکو سمیت تین ڈسکوز شامل ہیں۔
دوسرے مرحلے میں ایک سے تین سال کے اندر 13 مزید ادارے نجکاری کے عمل سے گزریں گے، جن میں اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، چار جنکوز (پاور جنریشن کمپنیز)، اور لیسکو سمیت 6 ڈسکوز شامل ہیں۔
تیسرے اور آخری مرحلے میں، جس کی مدت تین سے پانچ سال رکھی گئی ہے، پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کی نجکاری کی جائے گی۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ نجکاری کا یہ منصوبہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے، سرکاری اداروں کے بوجھ کو کم کرنے اور نجی شعبے کی شراکت داری بڑھانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔