آسٹریلیا: چائلڈ کیئر مراکز میں بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے مسلسل واقعات نے والدین کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ حالیہ مہینوں میں منظر عام پر آنے والے درجنوں واقعات نے والدین میں خوف، غصہ اور بے یقینی کی فضا پیدا کر دی ہے، جہاں وہ اپنے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے پریشان نظر آتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف چائلڈ کیئر سینٹرز میں بچوں کو ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جن میں عملے کے افراد پر بچوں کو ڈرانے، مارنے اور غیر اخلاقی برتاؤ کرنے جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ایک متاثرہ بچے کی والدہ نے بتایا: "یہ سب بہت خوفناک ہے، ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ایک ایسا ادارہ جسے محفوظ سمجھا جاتا ہے، وہ اتنا غیر محفوظ نکلے گا۔"
ان واقعات کے بعد کئی والدین نے اپنے بچوں کو چائلڈ کیئر سینٹرز بھیجنا بند یا محدود کر دیا ہے، جب کہ سوشل میڈیا پر حکومت اور متعلقہ اداروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عوامی مطالبہ ہے کہ چائلڈ کیئر مراکز پر سخت نگرانی کی جائے، عملے کی مکمل چھان بین کی جائے اور صرف مستند اور تربیت یافتہ افراد کو ہی بھرتی کی اجازت دی جائے۔
آسٹریلوی حکام نے ان الزامات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور متعدد مراکز میں سیکیورٹی اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنا دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔