Get Alerts

ویمن ایشیا کپ ٹی 20 کا شیڈول سامنے آگیا، پاکستان اور بھارت 5 ستمبر کو آمنے سامنے ہوں گے

ویمن ایشیا کپ ٹی 20 کا شیڈول سامنے آگیا، پاکستان اور بھارت 5 ستمبر کو آمنے سامنے ہوں گے

لاہور : دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے ٹورنامنٹ کا آغاز 28 اگست سے ہوگا جبکہ فیصلہ کن مقابلہ 13 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے چھٹے ویمن ایشیا کپ ٹی 20 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ ایونٹ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہوگا، جہاں تمام میچز فلڈ لائٹس میں کھیلے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والے مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیموں کا میچ 5 ستمبر کو شیڈول ہے۔ دونوں ٹیمیں گروپ مرحلے میں ایک دوسرے کا سامنا کریں گی، جبکہ بہتر کارکردگی کی صورت میں فائنل میں دوبارہ آمنے سامنے آنے کا امکان بھی موجود ہے۔

ٹورنامنٹ کے لیے ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں بھارت، پاکستان، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ چین شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سری لنکا، بنگلہ دیش، میزبان متحدہ عرب امارات اور انڈونیشیا کو رکھا گیا ہے۔

ایونٹ کا افتتاحی میچ تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ چین کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستان اپنی مہم کا آغاز یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کرے گا، اس کے بعد 5 ستمبر کو بھارت سے مقابلہ ہوگا، جبکہ گروپ مرحلے کا آخری میچ 7 ستمبر کو ہانگ کانگ چین کے خلاف کھیلے گا۔

گروپ مرحلے کے اختتام پر 10 ستمبر کو پہلے سیمی فائنل میں گروپ اے کی سرفہرست ٹیم کا مقابلہ گروپ بی کی رنر اپ ٹیم سے ہوگا۔ دوسرا سیمی فائنل 11 ستمبر کو گروپ بی کی ٹاپ ٹیم اور گروپ اے کی دوسری بہترین ٹیم کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 13 ستمبر کو ہوگا۔

دوسری جانب قومی ویمن ٹیم کے انتخاب کے لیے سلیکشن کمیٹی نے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں تربیتی کیمپ کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان متوقع ہے۔

یاد رہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز مکمل کرنے کے بعد پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم حال ہی میں وطن واپس پہنچی ہے۔

ٹیگز: