لاہور : پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے منتخب قومی کھلاڑیوں اور کوچز کے اکاؤنٹس میں 2 کروڑ روپے کا فارن ڈیلی الاؤنس پیشگی منتقل کر دیا ہے۔
پی ایچ ایف کے مطابق اس اقدام کا مقصد کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مالی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ دورے کے دوران مکمل توجہ ورلڈ کپ کی تیاری اور کارکردگی پر مرکوز رکھ سکیں۔
فیڈریشن نے ٹیم کی روانگی سے قبل سفری ٹکٹس، رہائش، ٹرانسپورٹ، تربیتی سہولیات اور دیگر ضروری انتظامات بھی مکمل کر لیے ہیں۔
پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا فیڈریشن کی ترجیح ہے، تاکہ قومی ٹیم عالمی ایونٹ میں بھرپور انداز سے پاکستان کی نمائندگی کر سکے۔