ممبئی : سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے پہلے بھارتی ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب کپتان شبمن گل انگلی کی انجری کے باعث واحد تین روزہ وارم اپ میچ کے پہلے دن ایکشن میں نظر نہ آئے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق شبمن گل کو پریکٹس سیشن کے دوران دائیں ہاتھ کی انگلی پر چوٹ آئی، جس کے بعد احتیاطاً انہیں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کی عدم موجودگی میں نائب کپتان کے ایل راہول نے ٹیم کی قیادت سنبھالی۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ میڈیکل سٹاف شبمن گل کی فٹنس کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے اور ان کی وارم اپ میچ میں مزید شرکت کا فیصلہ آئندہ طبی معائنے کے بعد کیا جائے گا۔
بھارت پہلے ہی کئی اہم کھلاڑیوں کی انجریز سے پریشان ہے۔ جسپریت بمراہ، ہرشیت رانا، نتیش کمار ریڈی اور واشنگٹن سندر مختلف انجری مسائل کے باعث دستیاب نہیں ہیں۔
بھارت اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ 15 اگست کو گال میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ 23 اگست سے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ بھارتی ٹیم کو امید ہے کہ شبمن گل پہلے ٹیسٹ سے قبل مکمل طور پر فٹ ہو جائیں گے۔