لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مون سون کے فوری بعد صوبے کے تمام شہروں میں خستہ حال عمارتوں کا سروے مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
مریم نواز نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کی جلد تکمیل کا حکم دیتے ہوئے سیوریج اور ڈرینج منصوبوں پر امپیکٹ اسٹڈی رپورٹ بھی طلب کر لی۔
اجلاس کے دوران ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے لاہور کے ڈپٹی کمشنر علی اعجاز اور گوجرانوالہ کے ڈپٹی کمشنر نوید احمد شیخ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔