لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں ترقیاتی عمل کے ساتھ شہروں کی خوبصورتی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جہاں پنجاب ڈیولپمنٹ پلان کے تحت 52 شہروں میں مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق مون سون سے قبل واٹر اور سیوریج منصوبوں کی تکمیل کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ترقیاتی کاموں کے دوران عوامی تحفظ اور سیفٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بیوٹیفکیشن منصوبے کے تحت شہروں کے داخلی راستوں، پارکس اور پبلک مارکیٹس کو جدید انداز میں بہتر بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے مختلف شہروں میں ترقی اور خوبصورتی کے منصوبے بلا تفریق جاری ہیں۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ترقیاتی منصوبوں اور بیوٹیفکیشن پروجیکٹس کی خود نگرانی کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق مقصد پنجاب کے تمام شہروں کو جدید سہولیات سے آراستہ اور خوبصورت بنانا ہے۔