لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں اصلاحات اور نئے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ، اسکالرشپس اور الیکٹرک بائیکس کی فراہمی جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ "نوازشریف اسکول آف ایمننس" منصوبہ پنجاب کے تعلیمی نظام میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق لاہور میں نوازشریف کینسر ہسپتال اور سرگودھا میں کارڈیالوجی ہسپتال مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات اور طبی ٹیسٹوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں گرین الیکٹرک بسوں کا دائرہ کار تحصیل کی سطح تک بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں پر عملدرآمد ہی موجودہ حکومت کی ترجیحات کو نمایاں کرتا ہے۔