لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا جلسے میں آنے والوں کو کرسیوں کی ضرورت نہیں ہوتی اگر جعلی حکومت روکے گی تو کیا ہم 13 دسمبر کو رک جائیں گے کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ لاہور کا جلسہ کسی صورت میں بھی نہیں رکے گا۔
مریم نواز نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ 13 دسمبر کو آر یا پار ہو گا چاہیے یہ لوگ اجازت دیں یا نہ دیں لیکن جلسہ ہر صورت میں ہو گا کیونکہ عمران خان کے جانے کے چند روز رہ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا لاہور میرا گھر ہے اور خود جا کر لوگوں کو جلسے کی دعوت دوں گی کیونکہ لاہور سے مجھے بہت امیدیں ہیں اور کارکنوں نے آج ہی لاہور جلسے کا آغاز کر دیا ہے جبکہ انشااللہ دوبارہ رنگ سجنے والے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ اس وقت کرسی پر ایک جعلی وزیراعظم بیٹھا ہوا ہے اور اس کو ہٹانے تک ہماری تحریک چلتی رہے گی۔ اگر انہوں نے ہمیں روکنے کی کوشش کی تو پھر دما دم مست قلندر ہو گا کیونکہ انہوں نے ملتان میں جلسہ کرنے سے روکا تھا تو لوگوں نے سڑکوں پر جلسہ کر دیا تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کرسیاں اور لائٹس نہ لگانے کا کہنا وزیراعظم کا نہیں بلکہ ڈپٹی کمشنر کا کام ہے اور اگر جلسے سے روکا گیا تو تصادم ہو گا اور ذمہ دارحکومت ہو گی کیونکہ موجودہ حکومت کا جانا انتہائی ضروری ہے۔
پیپلزپارٹی قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ استعفوں کا فیصلہ وقت آنے پر کریں گے جبکہ رانا ثنا اللہ بولے کہ یہ بھول جائیں ہم استعفے دے کر گھر بیٹھ جائیں گے۔