گوا: بھارت کے مشہور سیاحتی مقام گوا کے نواحی قصبے ارپورہ میں ایک نائٹ کلب میں آتشزدگی کے نتیجے میں 23 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ حادثہ رات تقریباً 12 بجے اس وقت پیش آیا جب کلب کے کچن ایریا میں گیس سلنڈر دھماکے کے باعث آگ نے شدت اختیار کی اور پورے کلب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر تعداد نائٹ کلب کے ملازمین کی ہے، جو حادثے کے وقت کلب میں موجود تھے۔ آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ ریسکیو ٹیمیں کئی گھنٹوں کی کوشش کے باوجود تمام لاشیں برآمد کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ پولیس نے بتایا کہ آگ کے پھیلاؤ کی وجہ سے عمارت کی زیادہ تر جگہیں تک پہنچنا مشکل ہوگیا تھا۔
گوا کے وزیرِ اعلیٰ پرامود ساونت نے اس دلخراش واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے واقعے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ "اس واقعے کے ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔"
ارپورہ شمالی گوا کا ایک اہم سیاحتی علاقہ ہے، جو اپنی خوبصورت ساحلوں، نائٹ لائف اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد کے لیے مشہور ہے۔ دسمبر کا مہینہ گوا میں سیاحت کا پیک سیزن ہوتا ہے، جب سیاح بڑی تعداد میں یہاں آتے ہیں۔ اس حادثے نے نہ صرف مقامی افراد کو بلکہ دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو بھی افسردہ کر دیا ہے۔
گوا کے حکام نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا پتا چلایا جا سکے اور اس کے بعد اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔