Get Alerts

انڈونیشیا میں شدید سیلاب اور بارشوں سے 900 سے زائد ہلاکتیں، لاکھوں متاثر

انڈونیشیا میں شدید سیلاب اور بارشوں سے 900 سے زائد ہلاکتیں، لاکھوں متاثر

جکارتہ: انڈونیشیا میں مسلسل بارشوں اور شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے، اور ہلاکتوں کی تعداد 900 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے پورے ملک میں نقل و حمل کا نظام تباہ کر دیا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں خوراک کی شدید کمی بھی پیدا ہو چکی ہے، جس کے باعث مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جنوب مشرقی اور جنوبی ایشیا میں طوفانوں اور مون سون بارشوں کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی زد میں انڈونیشیا کے علاوہ سری لنکا، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور ویتنام بھی ہیں۔ ان ممالک میں ایک ہفتے کے دوران 1,790 سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

انڈونیشیا کے صوبوں آچے اور شمالی سماٹرا میں سیلاب نے سڑکوں کو بہا دیا، گھر مٹی میں دب گئے اور رسد کا نظام مکمل طور پر منقطع ہوگیا۔ آچے کے گورنر مزاکیر مناف کا کہنا ہے کہ دور دراز علاقوں میں امدادی ٹیمیں ابھی تک کیچڑ میں دھنسی لاشوں کو تلاش کر رہی ہیں، اور خوراک کی کمی سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ آچے تامیانگ کے جنگلاتی اور پہاڑی علاقوں میں پورے گاؤں بہہ گئے ہیں، اور کئی سب ڈسٹرکٹس صرف نام کے لحاظ سے باقی رہ گئے ہیں۔

سیلاب متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ کئی دنوں سے عارضی پناہ گاہوں میں محدود خوراک پر گزارا کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کی مدد کے سہارے زندہ ہیں۔ امدادی کاموں میں مشکلات کی وجہ سے متاثرین کی حالت ابتر ہوتی جا رہی ہے، اور فوری طور پر خوراک، پینے کا پانی اور طبی امداد کی فراہمی ضروری ہے۔

ٹیگز: