پاکستان میں وبائی مرض میں مبتلا مزید 53 مریض انتقال کر گئے

Another 53 epidemic patients died in Pakistan
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں چوبیس گھنٹوں کے دوران عالمی وبا سے مزید 53 افراد انتقال کر گئے ہیں۔ اموات میں حالیہ اضافے سے اس وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 11 ہزار 967 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ عالمی وبا سے انتقال کرنے والے مریضوں میں 44 مریض اسپتالوں میں داخل اور 33 وینٹی لیٹر پر تھے۔ 24 گھنٹوں میں 1346 نئے کیس سامنے آئے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ روز 36954 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ ملک بھر میں اس وقت وبائی مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 54 ہزار 474 جبکہ فعال مریضوں کی تعداد 32265 ہے۔

ملک بھر میں 2952 مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ ملک بھر میں دستیاب وینٹی لیٹرز میں 259 زیر استعمال ہیں۔ پشاور میں 26 فیصد، اسلام آباد 28 فیصد، ملتان میں 30 فیصد اور لاہور میں 34 فیصد وینٹی لیٹرز پر مریض موجود ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق صوبہ سندھ میں 227148، پنجاب میں 147115، خیبر پختونخوا میں 63953، اسلام آباد میں 40160، گلگت بلتستان میں 4795، بلوچستان میں 18560 اور آزاد کشمیر کے 8511 شہری اس موذی مرض کو شکست دے چکے ہیں۔

صوبہ پنجاب اموات کے لحاظ سے پہلے جبکہ سندھ دوسرے نمبر پر ہے۔ صوبہ پنجاب کے اب تک 4880 مریض اپنی جانیں گنوا چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4087 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 1952، اسلام آباد میں 478، گلگت بلتستان میں 102، بلوچستان میں 196 اور آزاد کشمیر میں 272 شہری انتقال کر چکے ہیں۔