نواز شریف میری نااہلی چاہتا ہے اور لگتا ہے انتخابات میں دھاندلی ہو گی: عمران خان 

نواز شریف میری نااہلی چاہتا ہے اور لگتا ہے انتخابات میں دھاندلی ہو گی: عمران خان 

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف میری نااہلی چاہتا ہے، یوں لگ رہا ہے جنرل (ر) باجوہ کی پالیسی اب بھی چل رہی ہے اور الیکشن میں دھاندلی ہو گی، قانون کی عملداری سے ہی ملک آگے جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق زمان پارک لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر غیر ملکی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلی بار پاکستانی عوام نے رجیم چینج کو قبول نہیں کیا اور اب ایسے لوگوں کو لایا جارہا ہے جو 25 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں، یوں لگ رہا ہے انتخابات میں دھاندلی ہو گی۔ 
اسٹیبلشمنٹ ایک آدمی کا نام نہیں، نیا آرمی چیف اپنی پالیسی لاتا ہے، جنرل (ر) باجوہ نے لابنگ کر کے حسین حقانی اور دوسرے لوگوں کو رکھوایا، یہ لوگ امریکہ میں میرے خلاف لابنگ کرتے تھے، مانتا ہوں کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو ایکسٹینشن دینا بہت بڑی غلطی تھی اور یوں لگ رہا ہے ابھی بھی باجوہ کی پالیسی چل رہی ہے۔ 
عمران خان نے کہا کہ آئین میں واضح ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں انتخابات ہونے چاہئیں، اسمبلیاں جب بھی تحلیل ہوتیں نگران حکومت میں یہی لوگ آتے، ایسی انتقامی پہلے کبھی نہیں دیکھیں، کوئی وجہ بتائے گا ڈالر، پیٹرول اور دوسری چیزیں کیوں مہنگی ہورہی ہیں۔ 
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عدالت نے توشہ خانہ کی تفصیلات مانگیں جو نہیں دی گئیں، حکومت توشہ خانہ میں پھنس گئی ہے۔ نوازشریف چاہتا ہے عمران خان کی نااہلی ہو۔ جیل بھرو تحریک پرامن احتجاج ہے اس کے بعد دوسرا راستہ ہمارے پاس احتجاج کا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ طالبان حکومت پاکستان مخالف نہیں، ہم دہشت گردی کے متحمل نہیں ہو سکتے، ساری دنیا میں دہشت گردی ہوتی ہے مگر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کا نام نہیں سنا۔ 

مصنف کے بارے میں