Get Alerts

ٹی 20 ورلڈ کپ،ہارا ہوا میچ فہیم اشرف نے جتوا دیا: نیدرلینڈز کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح

ٹی 20 ورلڈ کپ،ہارا ہوا میچ فہیم اشرف نے جتوا دیا: نیدرلینڈز کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح

کولمبو : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے ہی میچ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد پاکستان نے نیدرلینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔ ایک موقع پر شکست کے سائے منڈلانے لگے تھے لیکن فہیم اشرف کی طوفانی بیٹنگ نے بازی پلٹ دی۔
148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن شدید لڑکھڑا گئی تھی اور 7 وکٹیں گرنے کے بعد میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکلتا دکھائی دے رہا تھا۔ ایسے میں فہیم اشرف مردِ بحران ثابت ہوئے۔  فہیم نے محض 9 گیندوں پر 29 رنز کی ناقابلِ یقین اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 3 بلند و بالا چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، جس نے ڈچ باؤلرز کے اعتماد کو خاک میں ملا دیا۔
پاکستان کا آغاز اچھا تھا مگر مڈل آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا۔     صائم ایوب (24) اور صاحبزادہ فرحان (46) نے اچھا آغاز فراہم کیا، لیکن ان کے جانے کے بعد لائن لگ گئی۔کپتان سلمان علی آغا (12)، بابر اعظم (7)، شاداب خان (8) اور محمد نواز (6) رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عثمان خان کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہو گئے۔
اس سے قبل، ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے والی پاکستانی ٹیم نے نیدرلینڈز کو 147 رنز پر ڈھیر کر دیا تھا۔    سلمان مرزا  نے 3 وکٹیں حاصل کیں، خصوصاً آخری اوور میں 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ڈچ ٹیم کو بڑے سکور سے روکا۔   محمد نواز، ابرار احمد اور صائم ایوب نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ایک موقع پر نیدرلینڈز کا اسکور 170 تک جاتا دکھ رہا تھا مگر پاکستانی باؤلرز نے آخری 6 وکٹیں صرف 20 رنز کے عوض حاصل کر کے میچ میں واپسی کی۔

ٹیگز: