اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے علمائے کرام کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف ریاست کے آہنی عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معصوم شہریوں کا خون بہانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچا کر ہی دم لیا جائے گا۔
عطا تارڑ نے ترلائی کلاں دھماکے کی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت پر بات کرتے ہوئے کہا ہم ترلائی دھماکے کے سہولت کاروں تک پہنچ چکے ہیں۔ خودکش حملوں میں ملوث ہر کردار کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔دہشت گردوں کے بزدلانہ وار سے ہمارا عزم کم نہیں ہوا بلکہ رنج کے اس عالم میں ہمارا ارادہ مزید پختہ ہوا ہے کہ اب ان کا مکمل خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے۔
وزیر اطلاعات نے دوٹوک الفاظ میں پڑوسی ملک اور اندرونی عناصر کو خبردار کیا ہم دہشت گردوں کو پاکستانی سالمیت کے خلاف افغان سرزمین استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ ملک میں کسی قسم کی فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ تمام مسالک کے علمائے کرام ریاست کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پریس کانفرنس میں موجود علمائے کرام نے بھی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے حکومتی اقدامات کی تائید کی، علمائے کرام نے واضح کیا کہ خودکش حملے اسلام کی تعلیمات کے منافی ہیں اور ریاست کے دشمن اسلام کے بھی دشمن ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پوری قوم اور تمام مکاتبِ فکر دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے متحد ہیں۔