گوردوارہ ننکانہ صاحب سے متعلق بھارتی بے بنیاد الزامات مسترد

 گوردوارہ ننکانہ صاحب سے متعلق بھارتی بے بنیاد الزامات مسترد
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد:  پاکستان نے گوردوارہ ننکانہ صاحب سے متعلق بھارتی بے بنیاد الزامات مسترد کر دیئے جبکہ بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا اور پنجاب کے ضلع ننکانہ میں سکھوں کے مذہبی عبادت گاہ گورد وارہ ننکانہ صاحب سے متعلق بھارتی بے بنیاد الزامات کو مسترد کر دیا۔

ڈی جی جنوبی ایشیا زاہد حفیظ چودھری نے بھارت کے گوردوارہ ننکانہ صاحب کی توڑ پھوڑ سے متعلق بیان کی مذمت کی اور کہا کہ بھارت کی جانب سے ایسے الزامات مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی سے توجہ ہٹانے کے لیے لگائے جارہے ہیں۔

ڈی جی جنوبی ایشیا کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کو تحفظ دیتا ہے، بھارت دوسروں پر انگلی اٹھانے کی بجائے اپنی اقلیتوں کے تحفظ پر توجہ دے، بھارت عبادت گاہوں اور مقدس مقامات کے تحفظ پر توجہ دے۔