اسلام آباد: وزیراعظم نے سپیکر قومی اسمبلی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے مذاکرات کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سپیکر کی درخواست پر حکومتی وفد مذاکرات کے لیے آمادہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت صرف پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں سے ہی بات چیت کرے گی جبکہ غیر منتخب نمائندوں سے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔ سپیکر کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کے باوجود اپوزیشن نے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ملک کو بہتر انداز سے چلانے کے لیے مذاکرات ناگزیر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی سپیکر کے چیمبر میں آتی ہے تو مذاکرات ممکن ہو سکتے ہیں۔
طارق فضل چودھری کے مطابق اپوزیشن لیڈر سے متعلق معاملہ بھی سپیکر قومی اسمبلی نے حل کرنا ہے۔