کیلیفورنیا: اوپن اے آئی کا مقبول ترین آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) چیٹ بوٹ، چیٹ جی پی ٹی، روزانہ کروڑوں افراد کی جانب سے استعمال کیا جاتا ہے۔ اب کمپنی نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روزانہ 4 کروڑ افراد چیٹ جی پی ٹی کو صحت سے متعلق سوالات کے جوابات حاصل کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، صارفین مختلف علامات، ادویات، علاج کے طریقوں اور طبی تفصیلات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے چیٹ جی پی ٹی سے رابطہ کرتے ہیں۔ چیٹ جی پی ٹی سے پوچھے جانے والے سوالات میں 5 فیصد سے زائد صحت سے متعلق ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ، رپورٹ میں بتایا گیا کہ 8 کروڑ ماہانہ صارفین میں سے 2 کروڑ افراد ہر ہفتے کم از کم ایک بار صحت کے متعلق سوالات کرتے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر افراد سر درد کی نوعیت، پیچیدہ تشخیص کی وضاحت، یا نئی ادویات کے اثرات سے متعلق سوالات کرتے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 55 فیصد صارفین بیماری کی علامات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، 52 فیصد لوگ صحت سے متعلق جوابات کے لیے چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کرتے ہیں، اور 48 فیصد طبی اصطلاحات یا ہدایات کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسی طرح 44 فیصد افراد علاج کے مختلف آپشنز کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں۔
اوپن اے آئی کے مطابق، یہ اے آئی ٹیکنالوجی ان افراد کے لیے مفید ثابت ہوتی ہے جنہیں فوری طور پر ڈاکٹر تک رسائی حاصل نہیں ہو سکتی۔