کیلیفورنیا: واٹس ایپ ایک نیا فیچر متعارف کرانے والا ہے جس سے وہ افراد بھی چیٹ میں شامل ہو سکیں گے جو واٹس ایپ استعمال نہیں کرتے۔ یہ نیا فیچر گیسٹ چیٹ کہلاتا ہے اور فی الحال کچھ بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
اس فیچر کے ذریعے واٹس ایپ کے صارفین ایک شیئر ایبل انوائیٹ لنک تیار کر سکیں گے، جسے موصول کرنے والا شخص اپنے فون یا ڈیسک ٹاپ براؤزر پر کھول کر عارضی طور پر چیٹ میں شامل ہو جائے گا۔ گیسٹ صارف کی پروفائل پر "گیسٹ" لیبل ظاہر ہوگا تاکہ واضح ہو کہ وہ رجسٹرڈ واٹس ایپ صارف نہیں ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق، تمام چیٹس اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے تحت محفوظ رہیں گی، لیکن چونکہ گیسٹ صارف کا واٹس ایپ اکاؤنٹ نہیں ہے، اس لیے اس کی شناخت عام صارف کی طرح ممکن نہیں ہوگی۔ اس فیچر میں گیسٹ صارفین کے لیے کچھ حدود رکھی گئی ہیں: وہ گروپس کا حصہ نہیں بن سکتے، میڈیا فائلز، اسٹیکرز، اور وائس/ویڈیو کال شیئر نہیں کر سکتے۔
گیسٹ چیٹ کا مقصد عارضی رابطہ فراہم کرنا ہے اور اگر 10 دن تک چیٹ نہ ہو تو لنک خودکار طور پر ختم ہو جائے گا۔ اس وقت یہ فیچر صرف محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے، اور ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ کب تمام صارفین کو فراہم کیا جائے گا۔