اسلام آباد: جعلی اور غیر معیاری ادویات کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر حکومت نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ فارمیسی سروسز اور ڈرگ کنٹرول (PSDC) یونٹ کو جدید ترین ہینڈ ہیلڈ ریمن اینالائزرز فراہم کر دیے گئے ہیں جو صرف 40 سیکنڈ میں کسی بھی دوا کی اصلیت اور معیار کی جانچ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ ہائی ٹیک مشینیں امریکا میں تیار کی گئی ہیں اور ہر ایک کی قیمت 1 کروڑ 60 لاکھ روپے ہے۔ PSDC اس وقت پاکستان کا واحد ادارہ ہے جس کے پاس یہ ٹیکنالوجی موجود ہے، اور اس کے اسٹاف کو مشینوں کے استعمال کی مکمل تربیت بھی دی جا چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق، ریمن اینالائزرز میں 12,200 مختلف مالیکیولز کی ڈیجیٹل ڈائریکٹری موجود ہے، جبکہ پاکستانی دوا ساز کمپنیاں اس وقت تقریباً 1,400 مالیکیولز پر انحصار کرتی ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ یہ مشینیں نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی معیار کی دوا کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
یہ جدید آلات ادویات کے ساتھ ساتھ خام مال، مارفین، اور دیگر منشیات کی بھی جانچ کر سکتے ہیں، جس سے منشیات کی غیر قانونی ترسیل کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔
یہ منصوبہ PSDP کے تحت مکمل کیا گیاہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک بھر میں محفوظ اور معیاری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ دوا ساز اداروں کی نگرانی بھی مؤثر انداز میں کی جائے گی۔