Get Alerts

واٹس ایپ پر پسندیدہ یوزر نیم ریزرو کرنے کا آپشن متعارف

واٹس ایپ پر پسندیدہ یوزر نیم ریزرو کرنے کا آپشن متعارف

کیلیفورنیا: میٹا نے واٹس ایپ میں یوزر نیم (Username) فیچر متعارف کرانے کی تیاری مکمل کر لی ہے، جس کے بعد صارفین ایک دوسرے سے فون نمبر کے بجائے یوزر نیم کے ذریعے رابطہ کر سکیں گے۔ اس نئے فیچر کا بنیادی مقصد صارفین کی پرائیویسی کو مزید مضبوط بنانا اور ذاتی موبائل نمبر کو غیر ضروری طور پر شیئر ہونے سے محفوظ رکھنا ہے۔

اگرچہ یہ سہولت ابھی تمام صارفین کے لیے فعال نہیں کی گئی، تاہم واٹس ایپ نے صارفین کو اپنی پسند کا یوزر نیم پہلے سے محفوظ (Reserve) کرنے کا موقع فراہم کر دیا ہے۔ اگر آپ کوئی مخصوص یوزر نیم استعمال کرنا چاہتے ہیں تو بہتر ہے کہ اسے جلد از جلد ریزرو کر لیں، کیونکہ ایک مرتبہ کسی صارف کی جانب سے منتخب کیے جانے کے بعد وہ نام دوسرے افراد کے لیے دستیاب نہیں رہے گا۔

کمپنی کے مطابق یوزر نیم صرف واٹس ایپ کی موبائل ایپ کے ذریعے ہی ریزرو کیا جا سکتا ہے، جبکہ فیچر باضابطہ طور پر فعال ہونے پر متعلقہ صارفین کو نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔

آئی فون صارفین کے لیے طریقہ کار:

واٹس ایپ ایپ کھولیں۔
نیچے موجود You ٹیب پر جائیں۔
اپنی پروفائل پر ٹیپ کریں۔
Create Username یا Reserve Username کا آپشن منتخب کریں۔
اپنی پسند کا یوزر نیم درج کرکے Save پر ٹیپ کر دیں۔
اینڈرائیڈ صارفین کے لیے طریقہ کار:

واٹس ایپ کھولیں۔
اوپر دائیں جانب موجود تین نقطوں (Three Dots) پر ٹیپ کریں۔
Settings میں جائیں اور اپنی پروفائل کھولیں۔
Create Username یا Reserve Username کا انتخاب کریں۔
مطلوبہ یوزر نیم درج کرکے اسے محفوظ کر دیں۔
واٹس ایپ کا ہر یوزر نیم منفرد ہوگا، اس لیے اگر کوئی نام پہلے ہی کسی دوسرے صارف نے منتخب کر لیا ہو تو وہ دوبارہ دستیاب نہیں ہوگا اور نئے صارف کو متبادل نام اختیار کرنا پڑے گا۔

صارفین کو بعد میں اپنا یوزر نیم تبدیل یا حذف کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔ تاہم اگر کوئی یوزر نیم حذف کیا جاتا ہے تو وہ 14 دن تک محفوظ رہے گا، جس کے بعد کوئی دوسرا صارف اسے اپنے لیے منتخب کر سکے گا۔

میٹا نے ابھی یہ واضح نہیں کیا کہ ایک صارف کتنی بار اپنا یوزر نیم تبدیل کر سکے گا، البتہ کمپنی کے مطابق اس کے لیے ایک مخصوص حد مقرر کی جائے گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی صارف پہلے سے فیس بک یا انسٹاگرام پر کوئی یوزر نیم استعمال کر رہا ہے تو دستیاب ہونے کی صورت میں وہی نام واٹس ایپ پر بھی استعمال کیا جا سکے گا۔

واضح رہے کہ واٹس ایپ کے یوزر نیم کی لمبائی کم از کم 3 اور زیادہ سے زیادہ 35 حروف پر مشتمل ہوگی، جبکہ اس کی منظوری کمپنی کی مقرر کردہ پالیسی کے مطابق دی جائے گی۔

ٹیگز: