"ویلکم بیک ٹو سکول "، پنجاب اور اسلام آباد میں آج تدریسی عمل مکمل بحال

کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: صوبہ پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج سے تدریسی عمل مکمل بحال ہو گیا ہے۔ آدھے طلبہ ایک دن جبکہ باقی دوسرے دن سکول جائیں گے۔ سندھ میں 9ویں جماعت سے اوپر تعلیمی ادارے آج سے کھولنے کا فیصلہ ہوا، مڈل تک کی کلاسز فی الحال نہیں ہوں گی۔

آزاد کشمیر میں بھی تمام نجی اور سرکاری ادارے کھل جائیں گے۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں پہلے ہی سکول اوپن ہو چکے ہیں۔ ادھر وفاقی سرکاری سکولوں کے طلبہ کو مزید ریلیف مل گیا ہے۔ پہلی سے چوتھی، چھٹی اور ساتویں کے طلبہ کو بغیر امتحان دئیے پاس کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی اداروں میں یومیہ 50 فیصد حاضری یقینی بنائی جائے گی۔ طلبہ مسلسل دو روز سے زیادہ سکول نہیں آئیں گے۔ اوزرات تعلیم نے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ بارے نوٹی فیکیشن میں کہا ہے کہ پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحانات لیے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے گزشتہ سال کے نتائج کی بنیاد پر بچوں کو پروموٹ کیا جائے گا۔