پیرس : عالمی نمبر ایک جانک سِنر نے فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں 24 بار کے گرینڈ سلم چیمپیئن نوواک جوکووچ کو ایک شاندار مقابلے کے بعد 6-4، 7-5، 7-6 (3) سے شکست دے کر اپنے پہلے فرنچ اوپن فائنل میں جگہ بنا لی۔
فلپ شاتریئر کورٹ پر کھیلے گئے اس مقابلے میں دو نسلوں کا زبردست ٹکراؤ دیکھنے کو ملا۔ 38 سالہ جوکووچ، جو 25 ویں گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے کے خواہاں تھے، ابتدائی سیٹوں میں اپنی بڑھتی عمر کا اثر محسوس کراتے دکھائی دیے۔ تاہم انہوں نے تیسرے سیٹ میں تین سیٹ پوائنٹس بھی حاصل کیے، لیکن جانک سِنر نے ٹائی بریک میں اپنی بہترین صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کی۔
میچ کے بعد جانک سِنر نے جوکووچ کو عظیم کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف گرینڈ سلم سیمی فائنل کھیلنا میرے لیے خاص لمحہ ہے۔
اب جانک سِنر اتوار کو دفاعی چیمپیئن کارلوس الکاراز سے فائنل میں مقابلہ کریں گے، جو سیمی فائنل میں اپنے حریف لورنزو موسیتی کی انجری کی وجہ سے چوتھے سیٹ کے آغاز میں ریٹائر ہوئے تھے۔
دوسری جانب خواتین کے سنگلز فائنل آج کھیلا جائے گا، جس میں آرائنا سبالینکا اور کوکو گاف ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ یہ موقع خاص اس لیے بھی ہے کہ 1984 کے بعد پہلی بار رولان گیروس میں مرد و خواتین دونوں فائنلز میں عالمی رینکنگ کی ٹاپ دو کھلاڑی آمنے سامنے ہوں گے۔