اسلام آباد : عیدالاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے پوری قوم اور امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغامات میں کھلاڑیوں نے عوام کو خوشیاں مناتے ہوئے دوسروں کا بھی خیال رکھنے اور احتیاط برتنے کا مشورہ دیا۔
آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے کہا، "میری طرف سے پاکستان اور پوری امتِ مسلمہ کو عید مبارک ہو"، جب کہ محمد رضوان نے مختصر مگر محبت بھرے انداز میں کہا، "میری طرف سے پورے پاکستان کو عید مبارک"۔
فہیم اشرف نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، "آپ سب کو عید مبارک، اس عید پر اپنا اور اپنے پیاروں کا خاص خیال رکھیں"، جب کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا، "میری اور میری فیملی کی طرف سے تمام پاکستانیوں کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں۔"
بلے باز صائم ایوب نے کہا، "عید خوشی کا دن ہے، اسے اپنی فیملی کے ساتھ خوب انجوائے کریں"، جب کہ محمد حارث نے لوگوں کو قربانی کے جذبے کی یاد دلاتے ہوئے کہا، "عید مبارک، اور اس خوشی میں اُن لوگوں کو بھی یاد رکھیں جنہوں نے قربانی نہیں کی۔"
صاحبزادہ فرحان نے عید کی خوشیوں کو سب کے ساتھ بانٹنے پر زور دیتے ہوئے کہا، "عید کی خوشیاں مبارک ہوں، انہیں اپنی فیملی کے ساتھ خوب منائیں"، اور آل راؤنڈر عامر جمال نے پیغام دیا، "عید کی خوشیاں اپنے اردگرد کے لوگوں تک بھی پہنچائیں۔"
نوجوان کھلاڑی سفیان مقیم نے بھی پیغام دیا، "میری اور پوری ٹیم کی طرف سے پاکستان کو عید مبارک ہو۔"