اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو ٹیلیفون کیا، جس میں انہوں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی سیکیورٹی اور امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔وزیراعظم نے ایرانی صدر اور برادر ایرانی عوام کو عید الفطر اور نوروز کی مناسبت سے مبارکباد پیش کی۔ ایرانی صدر نے وزیراعظم کے ان خیر سگالی کے جذبات کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور پاکستانی عوام کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے حالیہ واقعات میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔وزیراعظم نے خلیجی خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کیا جائے اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کا راستہ اپنایا جائے۔
شہباز شریف نے امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد و یگانگت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں مسلمانوں کو یکجا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔