Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف کے عالمی رہنماؤں کو فون: مصر، بنگلہ دیش اور لبنان کو عید کی مبارکباد، علاقائی کشیدگی پر تشویش کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف کے عالمی رہنماؤں کو فون: مصر، بنگلہ دیش اور لبنان کو عید کی مبارکباد، علاقائی کشیدگی پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر مصر کے صدر، بنگلہ دیش اور لبنان کے وزرائے اعظم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ ان رابطوں میں جہاں عید کی مبارکباد کا تبادلہ ہوا، وہی مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے کی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمن کو فون کر کے انہیں اور بنگلہ دیشی عوام کو عید کی مبارکباد دی۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دیرینہ تاریخی تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے جنوبی ایشیا کی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات پر زور دیا۔ وزیراعظم طارق رحمن نے ان نیک خواہشات کا گرمجوشی سے جواب دیا۔
لبنانی وزیراعظم نواف سلام سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں لبنانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کشیدگی کے فوری خاتمے اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا۔
مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ گفتگو میں وزیراعظم نے مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے مصر کی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیجی خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ کشیدگی میں کمی کے لیے مشترکہ سفارتی کوششیں ناگزیر ہیں۔ صدر السیسی نے بھی وزیراعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ان رابطوں کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان برادر اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر عالمی امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کشیدگی اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کو واحد راستہ قرار دیا۔

ٹیگز: