راولپنڈی : انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے جی ایچ کیو (GHQ) حملہ کیس میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی قائدین سمیت 47 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر 10،10 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
جج امجد علی شاہ نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے پر محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے درج ذیل احکامات جاری کیے۔ تمام 47 مجرموں کو 10،10 سال قید بامشقت کا حکم دیاگیا، ہر مجرم پر 5،5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔عدالت نے تمام مجرموں کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق سزا پانے والوں میں عمر ایوب، شبلی فراز اور حماد اظہر، زرتاج گل، کنول شوذب اور شہباز گل، زلفی بخاری، احمد چٹھہ اور رائے حسن نواز، رائے محمد مرتضیٰ، شوکت علی، عثمان سعید بسرا اور اعجاز خان نمایاں شخصیات ہیں۔
یہ فیصلہ جی ایچ کیو پر حملے، توڑ پھوڑ اور ریاستی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت درج مقدمے میں سنایا گیا ہے۔ عدالت نے تمام شواہد اور بیانات کی روشنی میں ملزمان کو قصور وار قرار دیتے ہوئے قرار واقعی سزا دی ہے۔