بلوچستان، عید الفطر کے موقع پر مزید پابندیاں عائد

بلوچستان، عید الفطر کے موقع پر مزید پابندیاں عائد
کیپشن: بلوچستان، عید الفطر کے موقع پر مزید پابندیاں عائد
سورس: فائل فوٹو

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سےعیدالفطر کے موقع پر 8 سے 16 مئی تک صوبے میں مزید پابندیاں عائد کر دیں۔

صوبائی محکمہ داخلہ کے اعلامیے کے مطابق عید الفطر پر  8 مئی سے 16 مئی تک تمام مارکیٹس، دکانیں اور شاپنگ مالز مکمل طور پر بند رہیں گے تاہم میڈیکل اسٹورز ، اسپتال، بلڈ بینک، ڈیری، سبزی اور قصائی کی دکانیں کھلی رہیں گی جب کہ چاند رات کو بازار، جیولری، مہندی، کپڑوں کی دکانیں بھی بند رہیں گی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق 8 سے 16 مئی تک تمام تفریحی مقامات، ہوٹلز، پارکس مکمل بند رہیں گے۔

اس کے علاوہ زیارت، بولان، مولا چٹوک، ہنہ جھیل او کنڈ ملیر جانے والے تمام راستے بند رہیں گے،  8 سے 16 مئی تک بین الصوبائی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی تاہم پرائیوٹ گاڑیاں و رکشہ 50 فیصد سیٹوں کی سہولت کے ساتھ سفر کر سکیں گے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں ہفتہ اور اتوار کے روز پبلک ٹرانسپورٹ چلے گی، پچاس فیصد سواریاں بٹھانے کی اجازت ہو گی۔ چاند رات کو بازار بند، مہندی، چوڑیوں اور کپڑوں کے سٹالز نہیں لگ سکیں گے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام مارکیٹس، کاروبار، دفاتر اور دکانیں بند رہیں گی۔ تمام میڈیکل سروسز، فارمیسیز، پیٹرول پمپس، فوڈ ٹیک اویز کی اجازت ہوگی۔ بجلی، گیس، ای کامرس، انٹرنیٹ، سیلولر کمپنیز، کال سینٹرز، تندور اور میڈیا ہاؤسز 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔

گروسری سٹورز، جنرل سٹورز، مٹھائی کی دکانیں، بیکریز، گوشت کی دکانیں، آٹا چکیاں، فروٹ،سبزی کی دکانیں صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک کھل سکیں گی۔

چاند رات بازاروں مہندی، چوڑیوں اور کپڑوں کے تمام سٹالز پر مکمل پابندی ہو گی۔ تمام انڈور اور آؤٹ ڈور ریسٹورنٹس پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ جہاں کورونا وائرس پازٹیو کی شرح 8 فیصد سے زیادہ ہے، وہاں تمام انڈور اور آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات، ریسٹورینٹس اور مزارات پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔