اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول کے چورا سیکٹر پر سفید پرچم لہرا کر اپنی شکست تسلیم کر لی ہے، جو پاکستان کی کامیاب دفاعی حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ بھارتی فوج کی یہ پسپائی دشمن کے عزائم کی ناکامی اور پاکستان کی افواج کے مؤثر اور بھرپور جواب کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ ہم اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سفید پرچم لہرانا نہ صرف اس کی عسکری حکمت عملی کی ناکامی ہے بلکہ پاکستان کی دفاعی طاقت کا بھی غیر اعلانیہ اعتراف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج اور عوام ایک پیج پر ہیں، اور ملک کی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی خودمختاری اور دفاع کا دفاع کرے گا اور کسی ملک کو اپنی سرحدوں کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔