Get Alerts

بھارتی حملوں میں 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی : ڈی جی آئی ایس پی آر کی تصدیق

بھارتی حملوں میں 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی : ڈی جی آئی ایس پی آر کی تصدیق

راولپنڈی :  ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بھارتی حملوں کے نتیجے میں 26 پاکستانی شہادتوں اور 46 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات کو بزدلانہ حملے کیے، جن میں مختلف مقامات پر پاکستانی شہری نشانہ بنے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ مظفرآباد کے قریب مسجد بلال کو بھارتی جارحیت کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد شہید ہوئے۔ مریدکے میں بھی ایک مسجد کو حملہ بنایا گیا، جس میں 3 مرد شہید اور ایک زخمی ہوا۔ کوٹلی میں 16 سالہ بچی اور 18 سالہ لڑکا شہید ہوئے۔ تاہم، سیالکوٹ اور شکر گڑھ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ احمد پور شرقیہ میں بھارتی حملے میں 13 افراد شہید ہوئے۔ پاک فوج نے اس حملے کا فوری اور بھرپور جواب دیا، جس میں دشمن کے 5 طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا گیا۔ پاکستانی فضائیہ نے بھارتی طیاروں کو اس وقت گرا دیا جب انہوں نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کا جواب دیا گیا اور پاک فضائیہ کے تمام طیارے اور دفاعی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو نشانہ بنایا اور اس میں نقصان پہنچایا، لیکن پاکستان کی جرات مند قوم بھارت کی غلط فہمیوں کو جلد دور کرے گی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہیں اور ایسا جواب دیا جائے گا جب تک بھارت اپنی جارحیت روک نہیں لیتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی کو بھی اپنی خودمختاری اور سالمیت پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں  نے کہا ہے کہ ملک کی خودمختاری، سالمیت کیلئے جان دینا ہمارا نصب العین اور خوش قسمتی ہے، افواج پاکستان قوم کی حمایت کے ساتھ بھارتی جارحیت کا جواب دے رہی ہیں، کسی کو بھی پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ٹیگز: