کراچی : بھارت کے حملے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے اثرات پاکستان کی مالیاتی منڈیوں پر بھی نمایاں ہو گئے ہیں۔ کاروباری ہفتے کے تیسرے دن سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز شدید مندی کے ساتھ ہوا، اور ہنڈرڈ انڈیکس میں 6000 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اس شدید مندی کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ سات ہزار سات پوائنٹس کی سطح پر آ گیا، جو حالیہ دنوں کی کم ترین سطح ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری دن مارکیٹ 533 پوائنٹس کمی کے ساتھ ایک لاکھ تیرہ ہزار پانچ سو اڑسٹھ پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔
ماہرین کے مطابق، بھارتی جارحیت اور جنگ کے خدشے نے سرمایہ کاروں میں خوف اور غیر یقینی کی فضا پیدا کر دی ہے، جس کے باعث سرمایہ کار تیزی سے اپنے شیئرز فروخت کر رہے ہیں اور مارکیٹ سے نکلنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
ادھر بھارتی معیشت پر بھی دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ بھارتی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں نمایاں کمزور ہو چکا ہے، جس سے بھارت کی مالیاتی منڈیوں میں بھی بے یقینی کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ اگر حالات مزید بگڑے تو بھارتی معیشت کو بھی سخت نقصان پہنچ سکتا ہے۔