Get Alerts

دشمن نے بچوں کو نشانہ بنایا، جواب ضرور ملے گا: بلاول بھٹو زرداری

دشمن نے بچوں کو نشانہ بنایا، جواب ضرور ملے گا: بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی یہ بھول ہے کہ وہ حملے کرے اور پاکستان خاموش تماشائی بنا رہے۔ انہوں نے بھارت کے حالیہ الزامات اور مبینہ حملے کو بزدلانہ قرار دیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ "کون لوگ رات کی تاریکی میں حملے کرتے ہیں؟ بزدل دشمن رات میں حملے کرتے ہیں اور بے گناہ بچوں کو نشانہ بناتے ہیں۔" انہوں نے کہا کہ پاکستان پر دو ہفتوں سے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں، جبکہ وزیر اعظم نے بھارت کو دوٹوک چیلنج دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ہاتھ صاف ہیں اور اگر بھارت میں ہمت ہے تو بین الاقوامی سطح پر انکوائری کروائی جائے تاکہ سچ سامنے آئے۔ "ہم اقوام متحدہ اور بین الاقوامی قانون کے مطابق سچ کے ساتھ کھڑے ہیں،" بلاول نے کہا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستان ایئر فورس نے دشمن کے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیا، ہم نے بھارت کے پانچ طیارے گرائے، اگر وہ دوبارہ حملہ کریں گے تو ان کے اور طیارے بھی گرائیں گے۔"

انہوں نے بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "وہ وحشی، درندے اور اندھے ہو چکے ہیں، مگر پاکستان کے عوام ان کی آنکھیں کھول دیں گے۔"

بلاول بھٹو نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا مگر ملکی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ "ہم رات کے اندھیرے میں نہیں، قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جواب دیں گے،" انہوں نے کہا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان، چاروں صوبے، وزیر اعظم اور افواج پاکستان ایک صفحے پر ہیں، اور پاکستان اپنے شہداء کا حساب لے گا۔ انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ بھارت کے اقدامات خطے کو نیوکلیئر جنگ کی طرف دھکیل سکتے ہیں۔

ٹیگز: