Get Alerts

بھارت نے جارحیت کرکے سنگین غلطی کی، خمیازہ بھگتنا پڑے گا: وزیراعظم شہباز شریف

بھارت نے جارحیت کرکے سنگین غلطی کی، خمیازہ بھگتنا پڑے گا: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ شب بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کرکے سنگین غلطی کی، اور اب اسے اس غلطی کی قیمت چکانی ہوگی۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے دشمن کے 5 جنگی طیارے تباہ کرکے بھارت کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان نہ صرف چوکس ہے بلکہ اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت یہ گمان کر بیٹھا تھا کہ پاکستانی قوم پیچھے ہٹ جائے گی، لیکن اسے اندازہ نہیں تھا کہ جو طیارے اس کا غرور تھے، وہ مٹی میں ملا دیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کے لہو کا ایک ایک قطرہ حساب میں لائیں گے، اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہمارے شاہینوں نے فضاؤں میں دشمن پر لرزہ طاری کر دیا، اور بین الاقوامی حدود کا احترام کرتے ہوئے دشمن کے طیاروں کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر نہ صرف اعتماد ہے بلکہ فخر بھی ہے، اور ہم ہر محاذ پر متحد ہو کر ملک کا دفاع کریں گے۔

ٹیگز: