راولپنڈی : بھارت کے خلاف 'معرکہ حق' کا پہلا سال مکمل ہونے پر افواجِ پاکستان نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ قومی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کسی بھی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت اور درستگی کے ساتھ دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر (ISPR) کے مطابق مسلح افواج نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ معرکہ حق میں دشمن نے پاکستان کی قوت اور فیصلہ کن صلاحیت کا عملی مشاہدہ کیا۔ اس معرکے نے پاکستانی قوم کے اعتماد، حوصلے اور جذبہ حب الوطنی کو نئی جلا بخشی ہے۔ پاک فضائیہ نے اپنی جدید جنگی تیاریوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو دنیا پر ثابت کر دیا ہے۔
اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی، سمارٹ سسٹمز اور ملٹی ڈومین آپریشنز میں مہارت کے ذریعے ایک موثر فضائی قوت بن کر ابھری ہے۔ افواجِ پاکستان خطے کی بدلتی ہوئی جیو پولیٹیکل صورتحال اور دشمن کی عسکری تیاریوں سے مکمل طور پر باخبر ہیں اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ مہارت میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔
پاک افواج نے واضح کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جس کی تمام تیاریاں خطے میں استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے ہیں، تاہم یہ امن عزت اور خودمختار برابری کے اصولوں پر مبنی ہے۔ پوری قوم پاک فضائیہ کے ان جوانوں اور افسران کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے ملکی فضائی حدود کے دفاع میں تاریخی کردار ادا کیا۔