گلگت:وزیرِاعظم میاں محمد شہباز شریف آج گلگت بلتستان کا ایک روزہ دورہ کریں گے، جہاں وہ اہم ملاقاتیں کریں گے اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔
دورے کے دوران وزیرِاعظم شہباز شریف کی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیرِاعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد سے ملاقاتیں طے ہیں۔ ان ملاقاتوں میں خطے کی انتظامی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیرِاعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء اور مشیروں کا ایک بڑا وفد بھی گلگت پہنچ رہا ہے، جن میں وفاقی وزیر احسن اقبال, سردار اویس لغاری, عطاء اللہ تارڑ, انجینئر امیر مقام, عبدالعلیم خان. ,خالد مقبول صدیقی, مشیرِ وزیرِاعظم رانا ثناء اللہ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس دورے کا مقصد گلگت بلتستان میں وفاق کے زیرِ اہتمام چلنے والے منصوبوں کی رفتار تیز کرنا اور خطے کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ وفاقی وزراء کی اتنی بڑی تعداد میں موجودگی خطے کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے وفاقی حکومت کی سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہے۔