Get Alerts

پی سی بی چیئرمین محسن نقوی آئی سی سی کے اہم اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی روانہ ہوں گے

پی سی بی چیئرمین محسن نقوی آئی سی سی کے اہم اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی روانہ ہوں گے

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی آئی سی سی کے اہم اجلاس میں شرکت کے لیے آج دبئی روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کا ماحول کشیدہ اور گرم ہونے کا امکان ہے کیونکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے متعدد اعتراضات اٹھائے جانے کی خبریں ہیں۔

بی سی سی آئی (بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ) محسن نقوی کے دو عہدوں—پی سی بی چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ—کو آئی سی سی کے گورننس اصولوں کی خلاف ورزی قرار دینے کی تیاری کر رہا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے مبینہ طور پر ایک تحریری شکایات کی فہرست مرتب کی ہے، جس میں محسن نقوی کے ایشیا کپ کے دوران کیے گئے فیصلوں اور ان سے جڑے کچھ سیاسی نوعیت کے واقعات کو بنیاد بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ فائنل کے دوران ایک واقعہ نے تنازعہ کو جنم دیا تھا جب بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا اور ایشین کرکٹ کونسل کے دیگر ممبران سے ٹرافی لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد محسن نقوی نے بھارتی کپتان کا طویل انتظار کیا، مگر وہ اسٹیج پر نہیں آئے، جس کے بعد محسن نقوی نے ٹرافی کو ایشین کرکٹ کونسل کے دفتر پہنچا دیا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کے اندرونی حلقوں کا کہنا ہے کہ محسن نقوی اس تمام دباؤ کے باوجود پراعتماد اور پرعزم ہیں۔ ان کے مطابق محسن نقوی نے بطور ایشین کرکٹ کونسل صدر اپنے آئینی اور قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے تمام فیصلے کیے ہیں۔

مزید یہ کہ محسن نقوی نے آئی سی سی اجلاس میں پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے بین الاقوامی ماہرین قانون سے تفصیلی مشاورت بھی مکمل کر لی ہے۔

ٹیگز: