Get Alerts

ایلون مسک ایک ٹریلین ڈالر معاوضہ لینے والے دنیا کے پہلے سی ای او بن گئے

ایلون مسک ایک ٹریلین ڈالر معاوضہ لینے والے دنیا کے پہلے سی ای او بن گئے

آسٹن :ٹیسلا کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک ایک تاریخی معاہدے کے تحت دنیا کے پہلے سی ای او بن گئے ہیں جو ٹریلین ڈالر (760 ارب پاؤنڈ) معاوضے کے حقدار ہیں۔ یہ معاہدہ کمپنی کے شیئر ہولڈرز کی طرف سے منظور کیا گیا ہے، جس میں 75 فیصد حصص داروں نے مسک کے اس غیر معمولی معاوضے پیکیج کی حمایت کی۔

ٹیسلا کے سالانہ جنرل اجلاس میں ہونے والی ووٹنگ میں اس پیکیج کے حق میں زبردست حمایت حاصل کی گئی، جس کے بعد ہال میں تالیاں بجائیں گئیں۔ اس پیکیج کے تحت ایلون مسک کو اگلے 10 سالوں میں ٹیسلا کی مارکیٹ ویلیو کو نمایاں طور پر بڑھانے کے عوض یہ معاوضہ دیا جائے گا۔ اگر وہ اپنے اہداف حاصل کر لیتے ہیں تو انہیں سینکڑوں ملین نئے شیئرز ملیں گے، جن کی مالیت تقریباً 1 ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

اگرچہ اس معاہدے پر بعض حلقوں میں تنقید بھی کی جا رہی ہے، ٹیسلا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر یہ پیکیج مسترد کر دیا جاتا ہے تو ایلون مسک کمپنی چھوڑ سکتے ہیں، اور ان کے بغیر ٹیسلا کا کاروبار چلانا مشکل ہو جائے گا۔

فیصلے کے بعد ایلون مسک نے ٹیکساس کے شہر آسٹن میں اجلاس کے سٹیج پر آکر رقص کیا اور شرکاء نے ان کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر مسک نے کہا کہ "ہم جو کچھ شروع کرنے جا رہے ہیں وہ ٹیسلا کے مستقبل کا نیا باب نہیں، بلکہ ایک نئی کتاب ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "دوسری کمپنیوں کے شیئر ہولڈر اجلاس بورنگ ہوتے ہیں، لیکن ہمارا اجلاس شاندار ہے!"

مسک کے اہداف میں شامل ہے کہ ٹیسلا کی مارکیٹ ویلیو کو موجودہ 1.4 ٹریلین ڈالر سے بڑھا کر 8.5 ٹریلین ڈالر تک لے جایا جائے اور 10 لاکھ خودکار روبوٹیکسی گاڑیاں کمرشل آپریشن میں لائی جائیں۔ یہ بلند و بالا اہداف ایلون مسک کی تیز رفتار ترقی کی سوچ اور ٹیسلا کی مستقبل کی سمت کو ظاہر کرتے ہیں۔

ٹیگز: