Get Alerts

مشہور ڈرامہ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر نصرت ٹھاکر کو دنیا سے رخصت ہوئے 16 برس بیت گئے

مشہور ڈرامہ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر نصرت ٹھاکر کو دنیا سے رخصت ہوئے 16 برس بیت گئے

لاہور : پاکستان کے معروف ڈرامہ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر نصرت ٹھاکر کو دنیا سے رخصت ہوئے آج 16 برس گزر گئے۔ نصرت ٹھاکر 1937 میں لاہور میں پیدا ہوئے اور انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا۔ بعد ازاں وہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) سے وابستہ ہوئے اور وہاں ڈیوٹی آفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان کی محنت اور لگن کی بدولت وہ جلد اسسٹنٹ پروڈیوسر اور پھر مکمل پروڈیوسر بنے۔ نصرت ٹھاکر پی ٹی وی لاہور سنٹر کے جنرل مینیجر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔

نصرت ٹھاکر کا نام پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، کیونکہ انہوں نے کئی لازوال ڈراموں کی ہدایات دیں اور پروڈیوس کیے۔ ان کی شہرت کا آغاز 1979 میں امجد اسلام امجد کی تحریر کردہ مشہور ڈراما سیریل "وارث" سے ہوا۔ اس سیریل کا آغاز پہلے غضنفر علی نے کیا، مگر کچھ قسطوں کے بعد اس کی مکمل ذمہ داری نصرت ٹھاکر کے کاندھوں پر آگئی، اور ان کی محنت سے "وارث" پی ٹی وی کی تاریخ کی ایک یادگار سیریل بن گئی۔

نصرت ٹھاکر نے دہلیز، سمندر، پیاس، خواہش، نشیمن، دنیا اور غلام گردش جیسے مشہور اور کامیاب ڈراموں کی ہدایت دی، جنہوں نے عوام میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔ ان کی ایک اور کامیاب ڈراما سیریل "اندھیرا اجالا" بھی پاکستانی ٹی وی کے سنہری دور کا حصہ بنی اور اب تک لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

نصرت ٹھاکر 7 نومبر 2009 کو لاہور میں انتقال کر گئے اور لاہور کینٹ کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔ ان کی تخلیقات اور یادگار ڈرامے آج بھی پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی تاریخ کا اہم حصہ ہیں، اور ان کا نام ہمیشہ عزت و احترام سے لیا جائے گا۔

ٹیگز: