لاہور: حکومت پنجاب نے پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے مابین ہونے والی سہ ملکی کرکٹ سیریز کے دوران سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق، سیریز کے دوران سکیورٹی کی فول پروف انتظامات یقینی بنانے کے لیے پاکستان آرمی، رینجرز اور ایوی ایشن اثاثے تعینات کیے جائیں گے۔
لاہور میں آرمی اور رینجرز کی ایک ایک کمپنی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی، جب کہ راولپنڈی میں تین تین کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ، لاہور میں آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز بھی سکیورٹی کے لیے استعمال ہوں گے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا کہ سکیورٹی کے انتظامات آئین کے آرٹیکل 245 اور پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کے تحت کیے جائیں گے۔ سیریز کے میچز، ٹیموں کے قیام اور ٹریول روٹس پر سکیورٹی کو انتہائی سخت رکھا جائے گا۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق، سیریز کے میچز 11 سے 27 نومبر تک شیڈول ہیں، اور سکیورٹی کے انتظامات کے لیے فوج اور رینجرز کی خدمات 8 نومبر سے 30 نومبر تک درکار ہوں گی۔ حکومت پنجاب نے کہا ہے کہ سیریز کے دوران شائقین کرکٹ کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔