اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران عالمی امن اور مسلم امہ کے اتحاد کے لیے اپنے عزم میں متفق ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہی۔
وزیراعظم نے ایرانی پارلیمنٹ کے وفد کا استقبال کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہا اور پرامن طریقوں جیسے بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل پر دونوں ممالک کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے لیے عزت و احترام کے پیغامات بھی پہنچائے۔
شہباز شریف نے اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دہشت گردی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان اور ایران دونوں ہی بدقسمتی سے دہشت گردی کا شکار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک عالمی امن، خوشحالی اور علاقائی تعاون کے علمبردار ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران مسلم امہ کے اتحاد و یگانگت کے لیے مشترکہ عزم رکھتے ہیں اور پاکستان ایران کے ساتھ معاشی تعاون اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
ایرانی سپیکر ڈاکٹر باقر قالیباف نے پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور خاص طور پر حالیہ ایران اسرائیل جنگ میں پاکستان کے تعاون اور حمایت کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اسرائیل جنگ میں پاکستان کی حمایت کو ایرانی عوام کی تحسین اور پذیرائی حاصل ہے۔
ڈاکٹر باقر قالیباف نے پاکستانی پارلیمنٹ کے ساتھ مثبت تعاون کو سراہتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان معیشت اور تجارت میں تعاون کو مزید بڑھانے کے ایرانی عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی طرف سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کے لیے خیر سگالی کے پیغامات بھی پہنچائے اور پاکستان میں اپنے دورے کے دوران میزبانوں کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
اس ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔