Get Alerts

شہباز شریف اور ایرانی وزیر کی ملاقات، پاک ایران تجارت 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ

شہباز شریف اور ایرانی وزیر کی ملاقات، پاک ایران تجارت 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ایران کے وزیر صنعت، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے تجارت، سرحدی سہولیات، کان کنی اور زرعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک لے جانے کے ہدف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خوراک، زرعی اجناس اور دیگر مصنوعات کی تجارت میں اضافے سے دونوں ممالک کو معاشی فائدہ حاصل ہوگا۔

ملاقات کے دوران سرحدی تجارت کے فروغ، بارڈر سہولیات میں بہتری، لاجسٹکس نظام کو مؤثر بنانے اور کسٹمز طریقہ کار میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے کان کنی، خصوصاً قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

ایرانی وزیر سید محمد اتابک نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی روابط مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد تجارتی معاہدے سے متعلق تکنیکی مذاکرات جاری ہیں، جن کی تکمیل سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

ٹیگز: