اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کے یوم فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو روانہ ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم کی روانگی آذربائیجان کے صدر عزت مآب الہام علیوف کی دعوت پر ہوئی ہے، اور ان کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کریں گے، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم اور علاقائی رابطوں جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے بات چیت کی جائے گی۔
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات گہرے ہیں جو مشترکہ عقیدہ، تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک عالمی فورمز، خصوصاً تنظیم تعاونِ اسلامی (OIC)، اکانومک کوآپریشن آرگنائزیشن (ECO) اور اقوامِ متحدہ (UN) میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی ثابت قدم حمایت کو مزید تقویت دے گا، اور دونوں برادر ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرے گا۔