Get Alerts

نواز شریف مطلوب قرار، اسلام آباد ہائیکورٹ نے اشتہار جاری کرنے کا حکم دیدیا

نواز شریف مطلوب قرار، اسلام آباد ہائیکورٹ نے اشتہار جاری کرنے کا حکم دیدیا
کیپشن: نواز شریف تیس روز میں پیش نہ ہوئے تو انھیں اشتہاری قرار دے دیا جائے گا، ہائیکورٹ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو مطلوب قرار دیتے ہوئے ان کا اشتہار جاری کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ انھیں وارننگ دی گئی ہے کہ اگر وہ تیس روز میں پیش نہ ہوئے تو انھیں اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔ سابق وزیراعظم کو اشتہاری قرار دینے کے لیے 3 گواہوں کی شہادتیں قلمبند کی گئیں۔

قومی احتساب بیورو (نیب) حکام کی جانب سے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہادتیں ریکارڈ ہو چکی ہیںڈ سابق وزیراعظم جان بوجھ کر مفرور اور عدالت کو مطلوب ہیں اور ان کا اخبارات میں اشتہار دیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی طلبی کا اشتہار جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ان کو اخبارات میں شائع کیا جائے جبکہ سابق وزیراعظم کی رہائشگاہ پر اشتہار دئیے جائیں۔ 

عدالت نے حکم دیا کہ انگریزی اور اردو اخبارات میں نواز شریف کے مطلوب ہونے کا اشتہار دیا جائے۔ جن اخبارات کی اشاعت برطانیہ سے ہوتی ہے۔ ان اخبارات میں بھی اسے شائع کیا جائے۔ نواز شریف کی طلبی اشتہار کا تمام خرچہ وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ اشتہار کے بعد 30 روز تک نواز شریف کو پیش ہونے کا موقع ہو گا۔ اگر وہ مقررہ عرصہ میں پیش نہ ہوئے تو اشتہاری قرار پائیں گے۔ عدالت نے حکم دیا کہ وفاقی حکومت 2 دن کے اندر اشتہار کے اخراجات عدالت میں جمع کروائے۔

خیال رہے کہ العزیزیہ، فلیگ شپ اور ایوین فیلڈ تینوں ریفرنسز 7 لاکھ 85 ہزار آفشور کمپنیوں سے متعلق پاناما پیپرز لیکس کا حصہ ہیں جس پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، جماعت اسلامی اور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔