Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف کو ملائیشیا کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری عطا

وزیراعظم شہباز شریف کو ملائیشیا کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری عطا

پہانگ : ملائیشیا کے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا کی جانب سے قیادت اور حکمرانی میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری عطا کر دی گئی۔ یہ اعزاز ملائیشیا کی ریاست پہانگ میں منعقدہ خصوصی تقریب میں دیا گیا، جس میں پہانگ کی ملکہ تنکو عزیزہ آمینہ میمونہ اسکندریہ نے وزیراعظم کو اعزازی ڈگری سے نوازا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملکہ پہانگ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بصیرت، نظم و ضبط اور ہمدردی کے جذبے سے قوم کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کی قیادت سے لے کر وزارت عظمیٰ تک ثابت کیا کہ حقیقی قیادت طاقت کی بجائے مقصد سے جڑی ہوتی ہے۔ انہوں نے پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ہزاروں طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کو بھی سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی تقریر میں کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا سے یہ اعزازی ڈاکٹریٹ حاصل کرنا ان کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے چار دہائیوں سے زائد عرصے سے عوام کی خدمت کی ہے اور اب بطور وزیراعظم پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلیمی تعاون کو مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی اور نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ قیادت کوئی امتیاز نہیں بلکہ ایک امانت ہے جسے دیانت، اخلاص، عدل اور شفافیت کے ساتھ نبھانا چاہیے۔ انہوں نے مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز جیسے تنازعات، غربت اور انتشار کا بھی ذکر کیا اور نوجوانوں کو انسانیت کی خدمت کے لیے موقع دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے علامہ اقبال کا ایک مشہور شعر بھی پڑھا، جس سے ان کی گہری فکری بصیرت کا اظہار ہوا۔

ٹیگز: