مقبوضہ کشمیر، پابندیوں کا 34 واں روز، بھارتی تشدد سے نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر، پابندیوں کا 34 واں روز، بھارتی تشدد سے نوجوان شہید
کیپشن: بھارتی انتظامیہ نے مزید 29 کشمیریوں کو آگرہ سینٹرل جیل منتقل کر دیا۔۔۔۔۔۔فوٹو/ کشمیر میڈیا سروس

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کرفیو اور پابندیوں کو 34 دن ہو گئے جب کہ ہنڈوارہ میں زیرحراست نوجوان کو تشدد کر کے شہید کر دیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہنڈوارہ کے شہری ریاض احمد کو بدھ کو گرفتار کیا گیا۔ قلم آباد پولیس اسٹیشن میں نوجوان شدید تشدد کے بعد شہید ہو گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی انتظامیہ نے مزید 29 کشمیریوں کو آگرہ سینٹرل جیل منتقل کر دیا جب کہ گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد سیکڑوں کشمیریوں نے بھارت کے خلاف مظاہرے کیے جہاں سوپور، ہاجن، اسلام آباد، پلوامہ اور شوپیاں سمیت دیگر علاقوں میں مظاہرے کیے گئے۔

قابض سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر آنسو گیس اور پیلٹ گنز کی شیلنگ کی جس سے متعدد کشمیری زخمی ہوئے۔

کشمیری میڈیا کے مطابق مقبوضہ وادی کی مرکزی مساجد میں نماز جمعہ کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔ وادی میں 34 روز سے جاری کرفیو کی وجہ سے مواصلاتی نظام معطل ہے۔ جبری پابندیوں کی وجہ سے کشمیری گھروں میں محصور ہیں جس نہ صرف اشیائے خوردنوش بلکہ دوائیوں کی بھی قلت کا سامنا ہے جب کہ مریضوں کو اسپتال جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔