Get Alerts

7 ستمبر 1965 کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا یومِ فضائیہ پر پیغام

 7 ستمبر 1965 کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا یومِ فضائیہ پر پیغام

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ فضائیہ کے موقع پر کہا ہے کہ 7 ستمبر 1965 کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے غرور کو فضاؤں میں پاش پاش کر کے نئی تاریخ رقم کی۔

اپنے پیغام میں وزیر داخلہ نے 1965 کے پاک فضائیہ کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف فضائی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کیا بلکہ دشمن کی عددی برتری کو جذبے، مہارت اور یقین کامل کے ساتھ شکست دی۔

محسن نقوی نے خاص طور پر سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کا ذکر کیا جنہوں نے چند لمحوں میں دشمن کے پانچ طیارے تباہ کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر 1965 کے 60 سال بعد، مئی 2025 میں بھی پاک فضائیہ نے دشمن کا غرور خاک میں ملا کر اپنی شان بحال رکھی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے معرکہ حق میں دشمن کے چھ جنگی طیارے مار گرائے، جو ایک تاریخی کارنامہ ہے۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے پائلٹس، انجینئرز اور ٹیکنیشنز کو قوم کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سپوت قوم کی امیدوں، وقار اور دفاع کی پوری ذمہ داری بخوبی نبھاتے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ان شاہینوں کی قربانیوں، غیر متزلزل حوصلے اور بلند عزم پر ہر پاکستانی کو فخر ہے۔ ان کی بہادری اور قربانی کی بدولت پاکستان کی فضائیں محفوظ ہیں اور پاک فضائیہ کی بے مثال خدمات و لازوال قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

ٹیگز: