Get Alerts

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا گجرات میں سیلابی پانی کی نکاسی کے عمل میں تیزی پر اطمینان کا اظہار

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا گجرات میں سیلابی پانی کی نکاسی کے عمل میں تیزی پر اطمینان کا اظہار

گجرات  : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گجرات میں سیلابی پانی کی نکاسی کے عمل میں تیزی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے صورتحال تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فوارہ چوک کلیئر ہو چکا ہے اور شہری جلد اس مشکل سے نجات حاصل کر لیں گے، انشاءاللہ۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک دن میں پانی کی سطح میں دو فٹ کمی آنا آپریشن کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ مریم نواز شریف نے اس کامیاب آپریشن پر تمام متعلقہ محکموں اور افسران کو شاباش دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔

وزیراعلیٰ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلابی پانی کے بہاؤ کو موڑنے کے لیے لورائی کے مقام پر کام جاری ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مناسب افرادی قوت اور مشینری دستیاب ہے۔

مزید بتایا گیا کہ واسا، محکمہ آبپاشی، سی اینڈ ڈبلیو، اور دیگر اداروں کے افسران فیلڈ میں متحرک ہیں ، واساکے 8 ایگزیکٹو انجینئرز گجرات آپریشن میں موجود ہیں ، ڈرون کیمروں کی مدد سے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والے علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور محکمہ آبپاشی کی جانب سے تحقیقی مطالعہ کیا جا رہا ہے جسے مستقبل کی منصوبہ بندی میں شامل کیا جائے گا۔
بریفنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ واسا کو باضابطہ ادارہ بنانے کے عمل سے گجرات میں نکاسی آب، صفائی ستھرائی اور سیوریج کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہوں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ 

ٹیگز: