Get Alerts

قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ کا 8 ستمبر کو پاکستان کا دورہ

قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ کا 8 ستمبر کو پاکستان کا دورہ

اسلام آباد: قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ مراد نرتلیو ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ 8 ستمبر سے پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ قازقستان کے صدر کے مجوزہ دورۂ پاکستان کی تیاریوں کا اہم حصہ ہے، جو رواں سال نومبر میں متوقع ہے۔

مراد نرتلیو کے ہمراہ آنے والے 13 رکنی وفد میں قازقستان کے وزیرِ ٹرانسپورٹ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے۔ اس موقع پر زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس بھی منعقد کیے جائیں گے، جن کا مقصد دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق، اپنے دورے کے دوران قازق نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ کی پاکستانی ہم منصب سینیٹر اسحٰق ڈار سے ملاقات ہو گی، جس کے بعد وفود کی سطح پر باضابطہ مذاکرات بھی کیے جائیں گے۔ مزید برآں، ان کی صدرِ پاکستان اور وزیراعظم سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید فروغ دینے، بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، زراعت، ثقافت، سیاحت، علاقائی روابط، لاجسٹکس اور بین الاقوامی تنظیموں میں باہمی تعاون جیسے شعبوں پر تفصیلی گفت و شنید کی جائے گی۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ قازقستان کے اعلیٰ سطحی دورے سے پاکستان–قازقستان تعلقات کو نئی جہت ملے گی اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

ٹیگز: