اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے صدر توکایووف کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور صدرِ مملکت، وزیراعظم، حکومت اور عوامِ پاکستان کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے پیغامات پہنچائے۔
اس دوران، وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر بڑھتے سیاسی روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے تعلقات میں مثبت پیشرفت خوش آئند ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک سیاسی، معاشی اور عوامی سطح پر باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرتے رہیں گے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور قازقستان خطے میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کے لیے مل کر کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کا فروغ نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم کرے گا بلکہ علاقائی خوشحالی میں بھی اضافہ کرے گا۔